جے پور،13 /ستمبر(ایس او نیوز/ آئی این ایس انڈیا) راجستھان کے وزیر اعلی اشوک گہلوت نے وزیر اعظم نریندر مودی کو خط لکھ کر راجستھانی زبان کو آئین کی 8 ویں فہرست میں شامل کرنے اور اسے آئینی تسلیم کرنے کی درخواست کی ہے۔راجستھان اسمبلی نے راجستھانی زبان کو 8 ویں فہرست میں شامل کرنے کے لئے 2003 میں ایک قرارداد منظور کیا تھا۔وزیر اعلی نے اپنے خط میں لکھا کہ ان کی آخری مدت کے دوران راجستھان اسمبلی کی طرف سے سال 2003 میں متفقہ طور پر ایک قراردادکو منظور ی دینے کے لیے مرکزی حکومت کو بھیجا گیا تھا جس میں راجستھانی کو آئین کی 8 ویں فہرست میں داخل کرنے کی درخواست کی گئی تھی۔اس کے بعد بھی کئی بار راجستھانی زبان کو آئینی منظوری دینے کے لئے ریاستی حکومت کی جانب سے درخواست کی جاتی رہی ہے۔ وزیر اعلی نے خط کے ذریعے وزیر اعظم پر زور دیا کہ راجستھان اسمبلی کی طرف سے سال 2003 میں بھیجے گئے قرارداد کا احترام کرتے ہوئے راجستھانی کو آئینی منظوری دینے کے سلسلے میں معقول قدم اٹھائیں۔